
آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ، رواں سال انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ
ویب ڈیسک: آسٹریلین اوپن 2026 کے منتظمین نے انعامی رقم میں ریکارڈ اضافے کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت اس سال ٹورنامنٹ کی مجموعی پرائز منی میں 16 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سال کے پہلے گرینڈ سلیم کے فاتحین کو اب تک کی سب سے زیادہ انعامی رقم دی جائے گی۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق مجموعی انعامی رقم 2025 کے 96.5 ملین کے مقابلے میں بڑھا کر 111.5 ملین ڈالر کر دی گئی ہے۔
مردوں اور خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فاتحین کو علیحدہ علیحدہ 4.15 ملین ڈالر ملیں گے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ہے۔
مرکزی ڈرا کے پہلے راؤنڈ میں شکست کھانے والے کھلاڑیوں کو بھی 150 ہزار ڈالر دیے جائیں گے جبکہ کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے مرحلے میں ہارنے والے کھلاڑیوں کو 40,500 ڈالر کی رقم ملے گی۔
ٹینس آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کریگ ٹائلی نے کہا کہ انعامی رقم میں یہ اضافہ ہر سطح پر ٹینس کھلاڑیوں کے کیریئر کی حمایت کے عزم کا مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین اوپن میں انعامی رقم میں یہ اضافہ ٹینس آسٹریلیا کی جانب سے پورے سمر آف ٹینس کے دوران 135 ملین ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ ٹینس کے عظیم الشان مقابلے آسٹریلین اوپن 2026 کا آغاز 18 جنوری سے میلبرن میں ہوگا۔ فائنل یکم فروری کو ہوگا۔



