
کوہاٹ اسپورٹس کمپلیکس: فٹبال گراؤنڈ کی فلڈ لائٹس کی مسلسل خرابی، انتظامی توجہ کا فقدان
کوہاٹ اسپورٹس کمپلیکس کے فٹبال گراؤنڈ میں نصب فلڈ لائٹس طویل عرصے سے خرابی کا شکار ہیں، جس کے باعث رات کے وقت کھیلوں کی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
عینی مشاہدے اور مقامی کھلاڑیوں کے مطابق بعض لائٹس زمین پر گر چکی ہیں جبکہ متعدد لائٹس کا رخ گراؤنڈ سے ہٹ چکا ہے، جس سے روشنی کا نظام غیر مؤثر ہو گیا ہے۔
اسپورٹس حلقوں کا کہنا ہے کہ فلڈ لائٹس کی حالت سے ظاہر ہوتا ہے کہ باقاعدہ معائنہ اور مینٹیننس کا نظام مؤثر انداز میں موجود نہیں۔
ان کے مطابق متعلقہ حکام کی جانب سے بروقت توجہ نہ دیے جانے کی وجہ سے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، جس کا نقصان براہ راست نوجوان کھلاڑیوں اور فٹبال سرگرمیوں کو ہو رہا ہے۔
کھلاڑیوں اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فلڈ لائٹس کی تکنیکی جانچ فوری طور پر کرائی جائے،
خراب لائٹس کی مرمت یا تبدیلی کی جائے اور مستقبل میں دیکھ بھال کے لیے واضح اور شفاف طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ اسپورٹس کمپلیکس کی سہولیات بہتر ہو سکیں اور کھیلوں کو فروغ ملے۔



