
پاکستانی فاسٹ بولر محمد علی کا "ناٹنگھم شائر” سے معاہدہ طے ہوگیا
پاکستان کے فاسٹ بولر محمد علی کا انگلش ڈومیسٹک سیزن کے آخری دو ماہ کے لیے کاؤنٹی ٹیم ناٹنگھم شائر کے ساتھ معاہدہ طے ہوگیا ہے۔
پاکستان کے فاسٹ بولر محمد علی نے 2026 کے انگلش ڈومیسٹک سیزن کے آخری دو ماہ کے لیے کاؤنٹی ٹیم ناٹنگھم شائر کے ساتھ قلیل المدتی ملٹی فارمیٹ معاہدہ کر لیا ہے۔
33 سالہ محمد علی اگست کے آغاز میں انگلینڈ پہنچیں گے اور سیزن کے اختتام تک روتھسے کاؤنٹی چیمپئن شپ اور میٹرو بینک ون ڈے کپ میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کے اہل ہوں گے۔
محمد علی اپنے کیریئر میں 300 سے زائد وکٹیں 24.65 کی شاندار اوسط سے حاصل کر چکے ہیں، جبکہ انہوں نے پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں نمائندگی کی ہے۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ گزشتہ برس مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ تھا۔
اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محمد علی نے کہا کہ مجھے ناٹنگھم شائر میں شمولیت پر بے حد خوشی ہے۔ میں ہمیشہ سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا اور انگلش کنڈیشنز میں تجربہ حاصل کرنا چاہتا تھا، اس لیے اس موقع کے لیے بہت پُرجوش ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرینٹ برج دنیا کے مشہور گراؤنڈز میں شمار ہوتا ہے، وہاں کھیلنے اور ناٹنگھم شائر کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کا شدت سے انتظار ہے۔
ناٹنگھم شائر کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ پال فرینکس نے کہا کہ پاکستان میں کوچنگ کے دوران محمد علی کی شخصیت اور کردار نے انہیں بہت متاثر کیا۔



