کرکٹ

پہلا ٹی ٹوئنٹی؛ پاکستان نے آسٹریلیا کو باآسانی شکست دے دی

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی اسکور کرسکی۔

 پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی میں 22 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔

لاہور: 3 میچز کی سیریز کےقذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلےبیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ صائم ایوب 40 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز بناسکی۔

آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا، میچ کی پہلی ہی گیند پر صاحبزادہ فرحان صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ایک وکٹ گرنے کے بعد صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور دلکش شاٹس کھیلے۔

تاہم 74 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد سلمان علی آغا 39، بابر اعظم 24، فخر زمان 10، عثمان خان 18، شاداب ایک اور شاہین صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بارلیٹ اور بیئرڈمین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے 169 رنز کے ہدف کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم زیادہ کھل کر نہیں کھیل سکی اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز بناسکی۔آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین 36 اور بارلیٹ نے 34 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ گرین شرٹس کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون ;  اس میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون ; اس میچ میں آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون ٹریوس ہیڈ (کپتان)، میتھیو شارٹ، کیمرون گرین، میٹ رینشا، کوپر کونولی، مچل اوون، جوش فلپ، جیک ایڈورڈز، زیویئر بارٹلیٹ، ایڈم زمپا اور ماہلی بیئرڈمین پر مشتمل تھی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!