اولمپیاڈ سمرقند 2026: پاکستان نے اسرائیل کے خلاف شطرنج میچ کا بائیکاٹ کردیا
قومی ٹیم نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا، ازبکستان کے شہر سمرقند میں اولمپیاڈ سمرقند 2026 جاری ہے۔

اولمپیاڈ سمرقند 2026: پاکستان نے اسرائیل کے خلاف شطرنج میچ کا بائیکاٹ کردیا
سمر قند: ازبکستان کے شہر سمرقند میں جاری اولمپیاڈ سمرقند 2026 میں پاکستان نے اسرائیل کے خلاف شطرنج کا میچ کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے بائیکاٹ کردیا۔
پاکستان اور اسرائیل کے درمیان شطرنج کا مقابلہ آج شیڈول تھا، تاہم پاکستان نے حکومتی پالیسی کے تحت اسرائیلی ٹیم کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
صدر چیس فیڈریشن آف پاکستان ذیشان علی نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اسرائیل کے حوالے سے واضح پالیسی ہے، حکومتی پالیسی کے خلاف اسرائیل سے میچ نہیں کھیل سکتے۔ اسرائیل کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا ہے۔
ازبکستان میں منعقد ہونے والے شطرنج کے عالمی ایونٹ میں دنیا بھر سے 203 ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ازبکستان میں منعقدہ شطرنج کے عالمی ایونٹ میں دنیا بھر سے 203 ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ سمرقند اولمپیاڈ میں پاکستانی شطرنج ٹیم کی رینکنگ غالباً سب سے نیچے چلی گئی ہے۔
یہ چیس اولمپیاڈ “سوئس سسٹم” کے تحت کھیلا جاتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پہلے راؤنڈ میں ہارنے کی وجہ سے پاکستان کا اگلا میچ دوسرے راؤنڈ میں کسی ایسی ہی ٹیم سے ہوگا جو اپنا پہلا میچ ہار چکی ہوگی۔ تاہم پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوا، وہ اگلے راؤنڈز کھیل سکتا ہے۔
پاکستان کی شطرنج ٹیم کی بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی ریٹنگز دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔
پاکستانی ٹیم کے ٹاپ کھلاڑیوں، جیسے کہ ایف ایم تنویر گیلانی کی کلاسیکل فائیڈ (ایف آئی ڈی ای) ریٹنگ عام طور پر 2000 سے 2250 کے درمیان ہوتی ہے۔ باقی کھلاڑی رینکنگ میں اس سے بھی پیچھے ہیں۔
چیس اولمپیاڈ میں مجموعی طور پر 180 سے زائد ممالک شرکت کرتے ہیں اور پاکستان کی ابتدائی سیڈنگ عام طور پر 100 سے نیچے ہوتی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں پہلے راؤنڈ میں اسرائیل کو واک اوور دینے کی وجہ سے پاکستان کو 0-4 کی تکنیکی شکست ہوئی ہے۔
پاکستان اب دوسرے راؤنڈ میں اپنے ہی جتنے پوائنٹس (یعنی صفر پوائنٹس) والی کسی کم ریٹنگ کی ٹیم سے کھیلے گا۔ پاکستان کے پاس اگلے راؤنڈز جیت کر مڈل ٹیبل میں اچھی پوزیشن حاصل کرنے کے امکانات اب بھی موجود ہیں لیکن وہ ٹاپ 20 یا 30 پوزیشنز کی دوڑ سے باہر رہے گا۔



