ہاکی

پاکستان کا ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میچز بھارت میں کھیلنےسے انکار ،

میچز نیوٹرل وینیو منتقل کرنے کا مطالبہ

پاکستان کا بھارت میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار، میچز نیوٹرل وینیو منتقل کرنے کا مطالبہ

پاکستان نے بھارت میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے میچز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے مقابلے نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی درخواست کردی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی ہے کہ مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے تمام میچز یا کم از کم پاکستان کے مقابلے بھارت کے بجائے کسی غیر جانب دار مقام پر کرائے جائیں۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کے مطابق درخواست کا مقصد موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول یقینی بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے میچز بھارت سے کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پر غور کرے۔

محی الدین وانی نے واضح کیا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی سمیت عالمی ہاکی مقابلوں میں شرکت کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ ان کے مطابق پاکستان بھارت سمیت تمام ممالک کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے اصول پر قائم ہے۔

پی ایچ ایف صدر نے امید ظاہر کی کہ ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان کی درخواست پر مثبت فیصلہ کرے گی تاکہ قومی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں مکمل اور بلا تعطل شرکت ممکن بنائی جاسکے۔

مینز ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کا آغاز 27 اکتوبر سے بھارت میں ہونا ہے اور ایونٹ 5 نومبر تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا اور کوریا کی ٹیمیں شریک ہوں گی،

جبکہ میچز جالندھر اور موہالی میں شیڈول ہیں۔اب ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کی نیوٹرل وینیو منتقلی کی درخواست پر فیصلہ متوقع ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں شرکت کی حتمی صورتحال واضح ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!