تازہ ترین ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ:پاکستانی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر

پاکستانی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، بھارتی ٹیم سری لنکا کو ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد تین درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئی، پاکستان کے عماد وسیم دنیا کے نمبر ایک بائولر بن گئے، بلے بازوں میں آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے ویرات کوہلی سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، لوکیش راہول ترقی پا کر چوتھے اور روہت شرما 14ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں شکیب الحسن ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں۔آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستانی 124 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے، بھارتی ٹیم نے تین درجے ترقی پا کر نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی، کیوی ٹیم تنزلی کے بعد تیسرے، کالی آندھی چوتھے اور انگلش ٹیم پانچویں نمبر پر چلی گئی، جنوبی افریقہ چھٹے اور آسٹریلیا ساتویں نمبر پر موجود ہیں، بلے بازوں میں ایرون فنچ نے کوہلی کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دیا، کوہلی تنزلی کے بعد پہلے سے تیسرے نمبر پر چلے گئے، ایون لیوس ایک سیڑھی چڑھ کر تیسرے سے دوسرے نمبر پر آ گئے، سری لنکا کے خلاف سیریز میں بیک ٹو بیک نصف سنچریاں بنانے والے بھارتی بلے باز لوکیش راہول ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے، روہت شرما جنہوں نے آئی لینڈرز کے خلاف سیریز میں تیز ترین سنچری کا ڈیوڈ ملر کا ریکارڈ برابر کیا تھا ترقی پاتے ہوئے 14ویں نمبر پر آ گئے، سری لنکا کے کوسل پریرا ترقی پاتے ہوئے 30ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں پاکستان کے عماد وسیم نے بھارت کے جسپریت بمرا سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر آ گئے، بمرا دو درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، یزویندرا چاہل 14 درجے ترقی کے ساتھ 16ویں، ہرڈک پانڈیا نے 40 درجے ترقی پاتے ہوئے 39ویں نمبر پر سکاٹ لینڈ کے سفیان شریف کو جوائن کیا ہے، کلدیپ یادیو 48 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 64ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔

 

تعارف: newseditor