کیویز نے شاہینوں کو زمین بوس کردیا

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کو 15 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں کیویز نے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 272 رنز کا ہدف دیا تھا۔

تاہم نیوزی لینڈ کے 272 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 256 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان  12، عمر امین  2، بابر اعظم 10، محمد حفیظ 6، سرفراز احمد 3، رومان رئیس 5 اور فہیم اشرف اور محمد نواز 23، 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

حارث سہیل شاندار 63 رنز اور شاداب خان 54 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ عامر یامین 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گپٹل نے سنچری جبکہ ٹیلر نے نصف سنچری کی۔

پاکستان کے رومان رئیس نے 3، فہیم اشرف نے 2 اور عامر یامین نے نیوزی لینڈ کے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان سیریز کے پہلے چار میچ ہار چکا تھا اور اس کے پاس ون ڈے سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کا یہ آخری موقع تھا، جو گرین شرٹس نے گنوا دیا۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 61 رنز سے شکست دی تھی۔

دوسرے ون ڈے میچ میں بارش کے باعث نیوزی لینڈ کی اننگز 25 اوورز تک محدود کردی گئی تھی، اس میچ میں بھی کیویز نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ڈنیڈن میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 183 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی۔

ہملٹن میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

پاکستان کی ٹیم میں شامل کھلاڑی

سرفراز احمد (کپتان)، عمر امین، فخر زمان، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد حفیظ، فہیم اشرف، عامر یامین، شاداب خان، محمد نواز، رومان رئیس

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل کھلاڑی

کین ولیم سن (کپتان)، مارٹن گپتل، کولن منرو، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، ہینری نکولس، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن ، میٹ ہینری

 

تعارف: newseditor

error: Content is protected !!