بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ،بھارت نے فائنل میں پاکستان کو شکست دیدی

دبئی: بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔

پاکستان ٹیم نے مقررہ 40 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے جس میں بدر منیر57، ریاست خان 48 اور نثار علی 47 رنز بناکر نمایاں رہے۔

309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان ٹیم کو شکست دی۔

بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 38 ویں اوورز میں پورا کیا۔ بھارت کی جانب سے سنیل رمیش 93 اور اجے ریڈی نے 62 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اس جیت کے بعد پاکستان اور بھارت دو دو مرتبہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں جب کہ جنوبی افریقا ایک بار ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل میں سری لنکا کو 156 رنز سے شکست دے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جب کہ بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

واضح رہے کہ اسے سے قبل بھی بھارت کی نابینا ٹیم نے 13 جنوری کو گروپ میچ میں 7 وکٹوں سے پاکستان کو شکست دی تھی۔

پاکستان کی نابینا کرکٹ کونسل نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ فائنل کے لئے آئی سی سی کے سی ای او ڈیوڈ رچرڈسن، سابق پاکستانی کپتان ظہیر عباس اور بھارت کے سابق وکٹ کیپر سید کرمانی کو مدعو کیا تھا۔

تعارف: newseditor