جوہانسبرگ: معروف جنوبی افریقی بلے باز جین پال ڈومینی لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اوور میں زیادہ رنز بٹورنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے۔
انہوں نے گزشتہ روز مومینٹم ون ڈے کپ میں کیپ کوبراز کی نمائندگی کرتے ہوئے نائٹس کے خلاف میچ کے ایک اوور میں 37 رنز بٹور کر یہ کارنامہ انجام دیا۔
240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوبراز کی اننگز کے 37ویں اوور میں ڈومینی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ایڈی لائی کی خوب خبر لی، انہوں نے ایڈی کی پہلی چار گیندوں پر چھکے لگائے، پانچویں گیند پر دو رنز بنائے، چھٹی گیند نو بال قرار پائی اور اس پر چوکا جڑ کر پانچ رنز حاصل کیے جبکہ آخری گیند پر گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے لسٹ اے کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے ایک اوور میں زیادہ رنز بنانے کا ہرشل گبز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جنہوں نے 2007 میں منعقدہ ورلڈ کپ میں ہالینڈ کے باؤلر وان بونگے کو اوور میں مسلسل چھ چھکے لگائے تھے۔
لسٹ اے کی تاریخ میں ایک اوور میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز زمبابوے کے ایلٹن چیگمبرا کو حاصل ہے جنہوں نے 14-2013 میں ڈھاکا پریمیئر لیگ میں بنگلہ دیشی باؤلر الاؤدین کے اوور میں 39 رنز بنائے تھے۔