انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم کے لیگ اسپنر لائیڈ پوپ کی ریکارڈ ساز بولنگ کے بعد کرکٹ پنڈٹ اُس کا موازنہ لیجنڈری شین وارن کے ساتھ کررہے ہیں۔
نیوزی لینڈ میں جاری انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ میں لیگ اسپن کا جادو جگاتے ہوئے صرف 35رنز کے عوض انگلینڈ کے 8کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
18سالہ پوپ کو جب بولنگ کے لئے لایا گیا تو آسٹریلیا کے 127رنز کے تعاقب میں انگلینڈ نے بغیر وکٹ گنوائے 47رنز بنالئے تھے، لیکن ماضی میں جیسا شین وارن نےکئی مواقع پر کیا ایسے ہی پوپ نے بھی ایسا ہی لیگ اسپن کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 96رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دیکر ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
لائیڈ پوپ کی اس متاثر کن پرفارمنس پر ایلڈیلیڈ کے ایک اخبار نے لکھا کہ ’’نیا شین وارن آگیا‘‘
کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ نے پوپ کی کارکردگی کو 1999ءکے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف شین وارن کی پرفارمنس کے ساتھ لنک کیا جس میں انہوں 29رنر دے کر 4وکٹیں لی تھیں۔
شین وارن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ یہ عمدہ ہے اورمیرے چہرے پر بڑی مسکراہٹ لائی،مجھے کچھ دیر پہلے ایڈیلیڈ میں اس متاثر کن نوجوان سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔
آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن نے 145ٹیسٹ میچوں میں 708وکٹیں لی تھیںجبکہ 194ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 293ہے۔