اسلام آباد(نواز گوہر سے ) کارواں کلب او ایلیٹ کلب نے اسلام آباد مریڈین بی ڈویژن فٹ بال لیگ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، ٹی اینڈ ٹی گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں کارواں کلب کے گلگت بلتستان کلب کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، کارواں کلب کی طرف سے عدیل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو کہ مقررہ وقت تک جاری رہی، گلگت بلتستان کلب کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے ۔ دوسر ے کوارٹر فائنل میچ میں ایلیٹ کلب نے فیڈرل کلب کو 1-0 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخل ہوئی، پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں ۔دوسرے ہاف کے 13 ویں منٹ میں ایلیٹ کلب کے حسیب نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو کہ مقررہ وقت تک جاری رہی۔ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری نے بتایاکہ سیمی فائنل 3 فروری کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 4 فروری کو کھیلا جائے گا فائنل میچ کے مہمان خصوصی آسٹریلین فٹ بال لیگ پاکستان کے صدر سردار طارق محمود ہوں گے جو کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے