انڈر 19 ورلڈ کپ،سری لنکا نے پلیٹ چیمپئن شپ جیت لی

کرائسٹ چرچ(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو تین وکٹوں سے شکست دے کر پلیٹ چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی ۔ اتوار کو کیریبین جونیئر ٹیم نے ابتدائی بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 245رنز بنائے۔ الیک اتھانزے نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے نا قابل شکست 110رنز اپنے کھاتے میں درج کرائے ۔ بریڈ برنیس ناٹ آؤٹ37رنز کے ساتھ دوسرے بہترین بیٹسمین ثابت ہوئے۔ بھاسکر یاد رام 31، کیگن سمنز اور کرسٹن کالی چرن نے24، 24 رنز کا اضافہ کیا۔ پراوین جیا وکرما اور نیپون مالنگا نے دو ، دو کھلاڑیوں کو میدان سے رخصت کیا ۔ جواب میں سری لنکن ٹیم نے 255رنز کا مطلوبہ ہدف آخری اوور میں سات وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔ اوپنر ہسیتھا بویا گوڈے نے سترہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 116رنز کی اننگز تخلیق کی ۔ دھننجایا لکشن سنچری مکمل نہ کر کسے اور انہوں نے بارہ چوکوں اور ایک چھکے سے مزین 98رنز جوڑے۔ جیرون ہوٹے اور بھاسکر یاد رام نے دو ، دو مہرے کھسکائے۔ پانچویں پوزیشن کے پلے آف میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ۔ انگلش ٹیم نے 216رنز بنائے۔ لیام بینکس74اور کپتان ہیری بروک66رنز پر نمایاں رہے ۔ حسن محمود نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بنگال ٹائیگرزنے مطلوبہ ہدف کپتان سیف حسن اور عفیف حسین کی نصف سنچریوں کی بدولت48 ویں اوور میں عبور کر لیا۔ گیارہویں پوزیشن کے پلے آف میچ میں زمبابوے نے کینیڈا کو 138رنز سے ٹھکانے لگایا۔ آج ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کو آسٹریلیا کا چیلنج درپیش ہو گا جبکہ پاکستانی ٹیم منگل کو دوسرے سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت کے مقابل ہو گی۔

تعارف: newseditor