لاہور ( سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بالر حسن علی کی ٹخنے میں انجری کے باعث پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کے ابتدائی میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی۔اس حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسن علی کو ٹخنے کی انجری کے باعث 4ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا گیا ہیجس کے باعث ٹیم کو کم ازکم 1ماہ تک نوجوان فاسٹ بالر کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے افواہوں کی تردید کی کہ حسن علی کو انجری کی وجہ سے نہیں بلکہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کپتان سرفراز احمد کے ساتھ تلخ رویے کے باعث باہر بٹھایا گیا۔خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے اہم اور فیصلہ کن میچ سے قبل فاسٹ بالر حسن علی ان فٹ ہوگئے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گزشتہ روز بیان سامنے آیا تھا کہ پریکٹس کے دوران فٹبال کھیلتے ہوئے نوجوان فاسٹ بالرکا ٹخنہ مڑگیا تھا جس کے باعث وہ تیسرا ٹی ٹونٹی میچ نہیں کھیل سکیں گے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کا آغاز فاسٹ بالر حسن علی کی ٹیم پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے ہوگا۔