چٹاگانگ(سپورٹس لنک رپورٹ)مومن الحق کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں جاندار آغاز کیا، میزبان ٹیم نے آئی لینڈرز کے خلاف پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 374رنز بنا لئے، مومن الحق اور مشفق الرحیم نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ میں 236 رنز کی شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، مشفق 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مومن الحق حریف باؤلرز کے سامنے چٹان بن گئے، 175 رنز پر ناقابل شکست ہیں، محموداﷲ 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔بدھ کو چٹاگانگ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی قائد محموداﷲ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو تمیم اقبال اور امرالقیس نے ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا، تمیم 52 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر بولڈ ہوئے، 120 کے سکور پر امرالقیس 40 رنز بنانے کے بعد سنداکن کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر مومن الحق اور مشفق الرحیم نے میدان سنبھالا
دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 236 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا، 356 کے سکور پر سرنگا لکمل نے مشفق کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، مشفق 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لٹن داس بغیر کوئی رن بنائے لکمل کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد مومن الحق اور محموداﷲ نے دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے 4 وکٹوں پر 374 رنز بنا لئے تھے، مومن الحق 175 اور محموداﷲ 9 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، سرنگا لکمل نے 2 جبکہ پریرا اور سنداکن نے ایک، ایک وکٹ لی۔