پشاور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ایران دوستی مینز‘ویمنز آرچری چیمپئن شپ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں اختتام پذیرہوگئی‘ایونٹ کا انعقادقونصلیٹ جنرل اور کلچر ل سنٹر اسلامک ریپبلک آف ایران ، پاکستان آرچری فیڈریشن اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے کیا گیا ،اختتامی تقریب کے موقع پر ایم پی اے یاسین خان خلیل مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ قونصلیٹ جنرل ایران محمد باقر بیگی‘ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان ،نائب قونصل جنرل سید ابراہیم ، پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد وصال خان ، صدر سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن جہانزیب صدیق‘ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران عباس فاموری سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔ایونٹ میں پچاس سے زائد مرد و خواتین نے مقابلوں میں شرکت کی‘
مردوں کے مقابلوں میں محمد اسرار 343 پوائنٹس کیساتھ پہلے‘وجاہت علی 333 پوائنٹس کیساتھ دوسرے اور وقار احمد 319 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر رہے‘خواتین کے مقابلوں میں سارہ احمد 294 پوائنٹس کیساتھ پہلے‘شہناز خان 265 پوائنٹس کیساتھ دوسرے اور مسکان خان 264 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر رہیں‘دیگر کیٹیگری میں عبداللہ خان 294 پوائنٹس کیساتھ پہلے ‘پولیس کے تنویر خان 206 پوائنٹس کیساتھ دوسرے اور ضیاءاللہ 127 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔آخر میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل محمد باقر بیگی نے کہا کہ پاکستان اور ایران لا زوال دوستی کے رشتے میں منسلک ہیں اور دونوں برادر ملک دنیا میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ، انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دوستی کے اس رشتے کے ساتھ نوجوانوں کی سپورٹس میں ایکسچینج پروگرام پر بھی توجہ دی جارہی ہے اور پاکستان کے کھلاڑی ایران اور ایران کے کھلاڑی پاکستان کا دورہ مختلف گیمز میں کررہے ہیں
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جوڈو والی بال اور مارشل آرٹ کے کوچز بھی ایران سے تعلق رکھتے ہیں ، اور ایران چاہتا ہے کہ پاکستان میں سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے ، انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈے ایران کے مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیاگیا ہے جس میں سپورٹس اور کلچر ل کی سرگرمیاں نمایاں ہیں ، تاکہ پاکستان کے نوجوانوں کو ایرانی کلچر سے اور ایران کے نوجوانوں کو پاکستانی کلچر سے روشناس کرایا جاسکے
انہوں نے کہا کہ ایران آرچری میں ایشین گولڈ میڈلسٹ ہیں اور چاہتے ہیں کہ پاکستان کو دوسرے گیموں کی طرح آرچری میں بھی فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تین میل اور تین فمیل کھلاڑیوں کو جلد ہی ایران جانے کی دعوت دی جائیگی تاکہ ان کے کھیل میں مزید نکھاڑ پیدا ہوں ،اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان نے قونصل جنرل آ ف ایران باقر بیگی اور پوری ایرانی قوم کو ان کے قومی دن کے حوالے سے مبارکباد پیش کی اور ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔