دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) تھری کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقابل پشاور زلمی کے لئے آسان حریف ثابت ہوئی، 177رنز کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں9 وکٹ پر 142رنز تک محدود رہی ۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے آج کے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کھیل کے تمام ہی شعبوں میں آئوٹ کلاس پرفارمنس دکھائی ۔
پہلے کامران اکمل 53، تمیم اقبال 39، ڈیوین اسمتھ 30اور محمد حفیظ 30رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 176رنز کا مجموعہ سجایا ، اس کے بعد باولر ز نے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا ۔
میچ کی خاص بات کامران اکمل کی برق رفتار نصف سنچری کے بعد عمید آصف کی شاندار بائولنگ رہی ،جس نے اسلام آباد کے ابتدائی 4بیٹسمینوں کو صرف 25رنز کے اندر ہی میدان چھوڑ نے پر مجبور کردیا ۔
عمید آصف نے اوپنر لیک رونچی 3،چاڈویک والٹن11 ، آصف 7اورحسین طلعت 2رنز کو پویلین کی راہ دکھائی تو اسلام آباد کے لئے میچ بچانا تقریباً ناممکن ہوگیا تھا ۔
ایونٹ میں پہلا میچ کھیل رہی اسلام آباد یونائیٹڈ کی رہی سہی کسر پشاور زلمی کے 19 سالہ اسپنرابتسام شیخ نےپوری کردی ، جس نے میچ میںمقابل ٹیم کے 3اہم کھلاڑیوں کو 18 رنز کے عوض پویلین کی راہ دکھائی ۔
ابتسام شیخ نے پہلے اپنی ہی گیند پر شاداب خان 2کا خوبصورت کیچ پکڑا ، پھر ایندرے رسل11رنز اور سمت پٹیل 23رنز کی اہم وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے سمت پٹیل 23 اور فہیم اشرف54رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ کی کچھ مزاحمت کی لیکن کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا ۔
پشاور زلمی کی طرف سےوہاب ریاض اور کریز جارڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔