پیرس: (سپورٹس لنک رپورٹ)فرانس کی فٹبال ٹیم کو عالمی چیمپئن بنوانے میں مسلمان کھلاڑیوں کے جذبے نے اہم کردار ادا کیا اور ٹیم کو متحد رکھا۔تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2018 میں فرانس کی فتح اور دوسری بار عالمی چیمپئن بننے میں مسلمان کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا، ٹیم نے روس پہنچنے سے قبل نعرہ لگایا تھا کہ ’ہمارے اختلافات ہی ہمیں متحد رکھتے ہیں‘۔فرانس کی ٹیم کے 23 رکنی اسکواڈ میں 14 افریقی نژاد منتخب ہوئے تھے جن میں سے 7 مسلمان تھے۔پال پوگبا فرانسیسی ٹیم کے وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے ہر بڑے ٹورنامنٹ سے پہلے عمرہ ادا کیا اور اپنی میچ سے قبل بھی فتح کے لیے دعا کی بعد ازاں جیت کے بعد اللہ کا شکر بھی ادا کیا۔فرانس کی ٹیم میں پال پوگبا کے علاوہ نبیل فاخر، نگولو کانتے، مینڈی، جبرئیل سدیبے اور عثمان ڈیم بیلے افریقی مسلمان کھلاڑی تھے جنہوں نے عمدہ کھیل سے ٹیم کو دوسری بار عالمی چیمپئن بنایا۔واضح رہے کہ فرانس کی ٹیم کا شمار دنیا کے اُس واحد اسکواڈ میں ہوتا ہے جس میں جداگانہ قومیتوں کے کھلاڑی شامل ہیں مگر پھر بھی اپنے اتحاد سے ٹیم کو فتح دلواتے ہیں۔خیال رہے کہ 15 جولائی کروشیا اور فرانس کی ٹیموں کے مابین روس کے دارلحکومت میں واقع لوزینکی اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈکپ کا فائنل میچ کھیلا گیا تھا جس میں ہزاروں شائقین نے شرکت کی تھی۔فرانس کی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کروشیا کو 4 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر 20 سال بعد دوسری بار دفاعی چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔