ابوظہبی ٹیسٹ،آسڑیلیا کو 373رنز کی واضح شکست،سیریز پاکستان کے نام


ابوظہبی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 373 رنز کے واضح فرق سے شکست دیکر سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے، پاکستان کی اس جیت میں اہم کردار فخرزمان ،کپتان سرفراز احمد کی عمدہ بیٹنگ اور فاسٹ بائولر محمد عباس کی تباہ کن بائولنگ کا رہا، محمد عباس نے میچ کی دونوں اننگز میں آسڑیلیا کے پانچ پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے جیت کیلئے دیئے گئے 538 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنائے تھے۔کھیل کے چوتھے روز ایرون فنچ 24 اور ٹریوس ہیڈ نے 17 رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو محمد عباس نے 36 رنز بنانے والے ٹریوس ہیڈ اور ان کے بعد آنے والے مارش کو 5 رنز بنانے کے بعد پویلین بھیج دیا۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 28 رنز پر کھیل رہے مچل اسٹارک اور 3 رنز بنانے والے پیٹر سڈل کی وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ عباس کے حصے میں آئی جب انہوں نے 43 رنز پر کھیل رہے سیٹ بیٹسمین لیبز چینج کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔اس کے بعد عباس نے آسٹریلوی قائد ایرون فنچ کو 31 اور ٹم پین کو صفر کے اسکور پر پویلین کی راہ دکھا کر دوسری اننگ میں بھی اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس کے بعد آسٹریلیا کو جیت کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا۔ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں پاکستان نے فخر زمان اور سرفراز احمد کے 94، 94 رنز کی اننگز کی بدولت 282 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس طرح ان کا پہلی اننگز کا خسارہ 137 ہو گیا تھا۔

error: Content is protected !!