چوتھا ناظم آباد جیم خانہ فلڈ لٹ رمضان فیسٹول کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز
افتتاحی میچ میں ارحم سی سی نے ہیرو سی سی کو ہرادیا‘کنور نوید جمیل نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا
16ٹیمیں 4,4کے 4گرو پ میں تقسیم کی گئی ہیں‘ روزانہ 2میچز ہونگے‘ مظہر اعوان
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ناظم آباد جیم خانہ، کے سی سی اے زونVIIکے زیر اہتمام چوتھا ناظم آباد جیم خانہ ٹی ٹوئنٹی فلڈ لٹ رمضان فیسٹول کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ارحم سی سی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہیرو سی سی کو 5رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے 91رنز کے تعاقب میں ناکام سائیڈ کی جوابی اننگز 86رنز پر محدود رہی۔ اسامہ بٹ کے 20رنز اور شہزاد کی 3وکٹوں کا فتح کے حصول میں اہم کردار۔ اسد آفریدی کے 27رنز اور شاہ زیب احمد کی 3وکٹیں ان کی ٹیم کے کام نہ آسکیں۔کنو ر نوید جمیل نے بحیثیت مہمان خصوصی گیند کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا اپنے مختصر خطاب میں مہمان خصوصی نے ناظم آباد جیم خانہ کو رمضان المبارک کے دوران شائقین کرکٹ کو صحت مند سرگرمی کی فراہمی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مسلسل چوتھے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ مہمان خصوصی نے آرگنائزر ایس اے فہیم، مظہر اعوان اوران کی ٹیم کو ایونٹ کی کامیابی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ آرگنائزنگ سیکریٹری مظہر اعوان نے مہمان خصوصی کنور نوید جمیل کی گراؤنڈ آمد اور ایونٹ کا افتتاح کرنے پر اظہار تشکر اور ٹورنامنٹ کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کیا۔ ناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ کی فلڈ لٹ میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ارحم سی سی نے مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 91رنز جوڑے۔ اسامہ بٹ20رنز میں 3چوکے، دانش منیر نے 19رنز میں ایک چوکا اور شاہ زیب بھٹی نے 17رنز میں ایک چھکا اورایک چوکا لگایا۔ شہزاد نے 14رنز کے عوض 3شکار کئے۔ آفاق آفریدی، عامر سہیل اور سہراب بلوچ نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔ہیرو سی سی کی جوابی اننگز مقررہ اوورز میں 8وکٹوں پر 86رنزتک محدود رہی۔ اسد آفریدی نے 3چوکے اور ایک چھکا لگا کر 27رنز بنائے، عامر سہیل نے 3چوکوں کی مددسے 18رنز اور انتم نقوی نے اتنے ہی چوکے لگا کر 12رنز اسکور کئے۔ شاہزیب احمد نے 23رنز پر 3حریف بلے بازوں کو چلتا کیا، عثمان شاہ کو 14رنز پر 2وکٹ ملے۔ٹورنامنٹ میں 16ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 4,4کے 4گروپ میں تقسیم کیا گیا۔ ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل کھیلیں گی۔ بعدازاں سیمی فائنل اور فائنل کھیلا جائیگا۔ روزانہ 2میچزفلڈ لٹ میں 8بجے اور 11بجے شب کھیلے جائیں گے۔ایمپائرز افضال اور ناصر تھے۔