لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی سے یو ایس ایڈ کے نئے ڈائریکٹر پنجاب کیون شارپ نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی، ملاقات میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان نے کیون شارپ کو پنجاب حکومت کی سپورٹس اور یوتھ کے لئے ترجیحات کے بارے میں بتایا، انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے، اس کے لئے تجربہ کار ماہرین کی تقرری کی گئی ہے
پنجاب حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، باصلاحیت نوجوانوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں، سپورٹس میں بھی نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں، 10ماہ کی حکومت میں سپورٹس کے بڑے ایونٹس منعقد کرائے ہیں جس میں ہزاروں نوجوانوں نے حصہ لیا، ان ایونٹ پنجاب گیمز، کبڈی ٹاکرا اوردیگر شامل ہیں۔ یو ایس ایڈ کے نئے ڈائریکٹر پنجاب کیون شارپ نے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے اس سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے میں بہت مدد ملے گی۔