لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے دو روزہ اولمپک ڈے آرچری چیمپئن شپ سپورٹس سٹیڈیم بھوربن روڈ مری میں شروع ہوگئی ہے، منگل کے روز ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے تیر چلا کر چیمپئن شپ کا افتتاح کیا، کھلاڑیوں کا ان سے تعارف بھی کرایا گیا،سپورٹس سٹیڈیم آمد پر کھلاڑیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،اس موقع پر آرگنائزنگ سیکرٹری منظر فرید شاہ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر گوجرانوالہ خواجہ سیف، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم، ڈویژنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی ملک وقار، وحید بابر اور دیگر بھی موجود تھے، چیمپئن شپ میں پنجاب کی ڈویژنز ، آرمی، پولیس، واپڈا اور کسٹمز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ میں تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور چیمپئن شپ میں اتنی بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت دیکھ کر مسرت ہورہی ہے، چیمپئن شپ میں دور دراز کے علاقوں کے مردوخواتین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جو کہ تیر اندازی کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایسے ایونٹس کا انعقاد ہر سال کیا جائے گا اور اسے مزید اپ گریڈ کیا جائے گا، اگست میں مری میں دیگر کھیلوں کے ایونٹس بھی منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے چیمپئن شپ کے انعقاد کے لئے آرگنائزنگ سیکرٹری منظر فرید شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئن شپ کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو بہترین مواقع اور سپورٹس کی جدید ترین سہولتیں فراہم کررہا ہے جس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے، بہت قلیل عرصہ میں ہم نے کھیلوں کے بہترین اور بڑے ایونٹس منعقد کئے ہیں جس سے نوجوانوں میں سپورٹس کی جانب رحجان بڑھ رہا ہے
اولمپک ڈے آرچری چیمپئن شپ چوتھا ایونٹ ہے جو کہ ایک ماہ میں منعقد کیا جارہا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے گزشتہ برس 8سال بعد سالانہ سپورٹس کیلنڈر بحال کیا اور اس پر کامیابی سے عمل بھی کیا گیا، اب 2019ء کا سالانہ سپورٹس کیلنڈر تیار کرلیا گیا ہے جس کو بہتر بناتے ہوئے کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں، نئے سپورٹس کیلنڈر کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے سپورٹس سٹیڈیم بھوربن کی اپ گریڈیشن کے بھی احکامات جاری کئے۔