برمنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین روہت شرما ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 26 سنچریاں بنانے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے دنیا کے چھٹے بلے باز ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا، اس کے علاوہ مارک وا اور اتاپتو کو زیادہ رنزوں کی فہرست میں بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ روہت شرما نے منگل کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ میں سنچری بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا، شرما نے 207 اننگز میں 26 سنچریاں بنا کر ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ کر دنیا کا تیسرا بلے باز ہونے کا اعزاز پا لیا
ٹنڈولکر نے 247 اننگز میں کارنامہ انجام دیا تھا، تیز ترین 26 سنچریوں کا عالمی ریکارڈ ہاشم آملہ کے پاس ہے جنہوں نے 154 اننگز میں سنگ میل عبور کیا تھا، کوہلی 166 اننگز میں اعزاز حاصل کر کے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سنگاکارا، کرس گیل اور اے بی ڈی ویلیئرز کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جنہوں نے یکساں 25 سنچریاں بنا رکھی تھیں، روہت شرما زیادہ سنچریوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں، ٹنڈولکر 49 سنچریاں بنا کر پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ مارک وا اور اتاپتو کو زیادہ رنزوں کی فہرست میں بھی پیچھے چھوڑ دیا، مارک وا نے 8500 اور اتاپتو نے 8529 رنز بنا رکھے تھے۔