لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے 2019ء کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کا اعلان کردیا ہے، جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کا اعلان کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی، چیف کنسلٹنٹ ایس بی پی شاہد فقیر ورک اور دیگر بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بتایا ہے کہ سالانہ سپورٹس کیلنڈر 2019ء کا آغاز 18اگست سے ہوگا اور 26دسمبر تک جاری رہے گا، سالانہ سپورٹس کیلنڈر میں انڈر 16بوائز کے لئے 11گیمز کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ گرلز کی 6گیمز شامل ہیں،بوائز کی گیمز میں اتھلیٹکس، بیڈ منٹن، سوئمنگ، تائیکوانڈو، ہاکی، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، سنوکر، فٹ بال، والی بال اور ریسلنگ جبکہ گرلز کی اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، تائی کوانڈو، ہاکی، ٹیبل ٹینس اور والی بال گیمز شامل ہیں، یہ وہ گیمز ہیں جو کہ نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ نیا سپورٹس کیلنڈر اس طرح سے ترتیب دیا گیا ہے کہ طالب علموں کی تعلیم کا حرج نہ ہو، سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت تحصیل، ضلع ، ڈویژن اور پنجاب کی سطح پر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، سالانہ سپورٹس کیلنڈر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ڈیٹا بنا یا جائے گا اور ان کھلاڑیوں کو تربیت دیکر صوبائی اور قومی سطح پر ہونیوالے مقابلوں کیلئے تیار کیا جائے گا
سالانہ سپورٹس کیلنڈر سے بچوں میں سپورٹس کا رحجان پیدا ہوگا، سپورٹس بورڈ پنجاب بچوں کو گرائونڈ میں لانے کے لئے اہم اقدامات کررہا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ 31دسمبر تک 50نئے سپورٹس منصوبے مکمل کرلیں گے جس سے کھلاڑیوں کو مزید سہولتیں ملیں گی، اس وقت پنجاب میں 315سپورٹس کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں،دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں، گزشتہ ایک ماہ میں 4کھیلوں کی چیمپئن شپ کرائی ہیں جن میں سوئمنگ، سنوکر، ٹیبل ٹینس اور تیراندازی شامل ہیں، سپورٹس کیلنڈر کے علاوہ بھی ہماری پورا سال سپورٹس کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اور ہر کھیل کے کھلاڑی کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ مختلف کھیلوں کی پنجاب لیگ منعقد کرنے کے لئے منصوبہ بندی کررہے ہیں، پنجاب ہاکی لیگ کے لئے کام کررہے ہیں امید ہے کہ رواں سال کے آخر میں یہ لیگ کرائی جائے گی۔