پی ایف ایف ٹائیگرز نیشنل فٹ بال چیلنج کپ کا حصہ بنے گی‘ اشفاق شاہ

کراچی (ریاض احمد) انٹرسٹی فٹ بال ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم پی ایف ایف ٹائیگرز کے نام سے نیشنل فٹ بال چیلنج کپ حصہ لے گی۔نیشنل فٹ بال چیلنج کپ 19 جولائی سے پشاور میں کھیلا جائے گا،ان خیالات کا اظہار پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے گذشتہ روزاسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے سولہ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں 15 ٹیمیں محکموں اور ایک پی ایف ایف ٹائیگرزشامل ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ایف ایف ٹائیگرز ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ گذشتہ روز سے جناح سٹیڈیم، اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے جس کے لئے انٹرسٹی فٹ بال ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے 22 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے اور ان کھلاڑیوں نے گذشتہ ماہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ قومی ٹیم کے ہیڈکوچ طارق لطفی کی زیر نگرانی تربیتی کیمپ میں بھی تربیت حاصل کر رکھی ہے، پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے پی ایف ایف ٹائیگرز کے ساتھ گوہر زمان کو کوچ مقرر کیا ہے،انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ 17 جولائی تک جاری رہے گا اور 18 جولائی کو پی ایف ایف ٹائیگرز نیشنل چیلنج کپ میں شرکت کے لئے پشاور روانہ ہوگی،انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف ایف ٹائیگرز ٹیم کے کھلاڑیوں کو چیلنج کپ میں شرکت کرنے سے سیکھنے اور آگے بڑھنے کا موقع ملے گااور اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لئے بہت اچھا اورسنہری موقع بھی ہے کہ ان کو ڈیپارٹمنٹوں کی ٹیموں میں ملازمتیں مل سکتی ہیں۔

تعارف: newseditor