لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے لگائے گئے7کھیلوں کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں کیش انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان اور دیگر بھی موجودتھے
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سپورٹس کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اس لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں سپورٹس کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سپورٹس پالیسی تیار کررہے ہیں، اے ڈی پی میں سپورٹس سکول کا منصوبہ شامل کرلیا گیا ہے جسے رواں سال تیار کرلیا جائے گا، نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے مختلف شہروں میں 7کھیلوں کے کیمپ لگائے گئے جس میں درجنوں کھلاڑیوں نے حصہ لیا، ایک ماہ کے کیمپ میں ماہر کوچز نے کھلاڑیوں کو تربیت دی ان کیمپس سے نئے کھلاڑی سامنے آئے جن کو مزید تربیت دیکر قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے ایونٹس کے لئے تیار کیا جائے گا، ان ایونٹس میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی حوصلہ افزائی کے لئے نقد انعامات دے رہے ہیں،صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ تربیتی کیمپ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے 8 سال بعد پنجاب گیمز منعقد کرائی ہیں جس میں ہزاروں کھلاڑیوں نے حصہ لیا، کھلاڑیوں کے مزید سپورٹس ایونٹس منعقد کریں گے
کھلاڑیوں محنت اور جذبے سے ایونٹس میں حصہ لیں اور ملک کانام روشن کریں، 10سال بعد سالانہ سپورٹس کیلنڈر بحال کیا جس سے سپورٹس کی سرگرمیوں کو عروج حاصل ہوا ہے۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ تبدیل ہونے والے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور ہماری ٹیم کا مضبوط حصہ تھے، انہوں نے سپورٹس کے لئے بہت اہم کام کئے، سپورٹس کے لئے ان کی خدامات قابل تحسین ہیں۔صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے سپورٹس بورڈ پنجاب کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دیئے، کھلاڑیوں کی تفصیل درج ہے، انڈر 16 ہاکی میں بہترین کارکردگی پر عثمان منشاء، زوہیب احسان، ریسلنگ میں حسنین علی، دانیال احمد، والی بال میں گلفام حیدر، اویس علی، ویٹ لفٹنگ میں حیدر سلطان، حیدر شکیب، کبڈی میں ذیشان ، محمد شہباز،پاور لفٹنگ میں محمد علی غنی، علی حیدر،اتھلیٹکس میں شاہد عمران، سفیان علی کو 20،20ہزارروپے دیئے گئے۔