اسلام آباد ( سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان کی 10 سالہ کوہ پیما نے مشکل ترین چوٹی سر کر کے کم سن کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق 10 سالہ سلینہ خواجہ نے مشکل ترین 7 ہزار 27 میٹر بلند چوٹی ”اسپنٹک ” سر کرکے نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ۔ قراقرم کلب نامی ٹویٹر ہینڈل نے کوہ پیما سلینہ کے عالمی ریکارڈ کی تعریف کر دی۔سلینہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔ مہم جوئی کے لیے سلینہ گزشتہ ماہ اپنے والد یوسف خواجہ اور دیگر کوہ پیماؤں کے ساتھ روانہ ہوئی تھی۔ مشکل موسمی حالات کے باوجود کم عمر کوہ پیما سلینہ نے ہمت اور بہادری سے فتح کا جھنڈا لہرایا۔خیال رہے کہ اس سے پہلے سلینہ نے گزشتہ سال دنیا کی تیسری 6 ہزار 50 میٹر بلند ترین چوٹی ”منگلی” کو سر کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔سلینہ 5 ہزار 765 میٹر بلند کوزہ سر چوٹی بھی سر کر کے عالمی ریکارڈ بنا چکی ہیں۔ سلینہ کا خواب دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا ہے ۔