عبدالقادر نے سرفراز احمدکو کپتان برقرار رکھنے کا مطالبہ کردیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیگ اسپنر عبدالقادر نے پی سی بی سے سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کی قیادت برقرار رکھنے اور بیٹسمین بابر اعظم کو بطورِ نائب کپتان بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔سابق کپتان اور لیگ اسپنر عبدالقادر کا کہنا ہے کہ یہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 2019 کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی لیکن اس ناکامی کا الزام کپتان سرفراز احمد کو دینا درست نہیں ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا کہ سرفراز احمد فاتح کپتان ہیں اور بہت سے مشکل میچز میں انہوں نے زندہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جیت کی راہ دکھائی۔عبدالقادر نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم کو نائب کپتا ن بنایا جائے، بابر اعظم ماضی میں بھی پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، انہیں کپتانی کے گر آتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز احمد دو سے تین سال کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیں گے، اس عرصے میں بابر اعظم بھی بہتر طریقے سے ٹیم کی قیادت کرنے میں ماہر ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا پی سی بی کے لیے سرفراز احمد کے بعد بابر اعظم سے بہترکوئی دوسرا انتخاب نہیں ہوگا ۔واضح رہے عبدالقادر 1977سے 1993کے دوران پاکستان کیلئے 67ٹیسٹ جبکہ 104ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں، ساتھ ہی ساتھ کمنٹیٹر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

تعارف: newseditor