کراچی (ریاض احمد) باٹا کلب لاہور نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گجرات کی الزکی فٹبال کلب کو ٹائی بریکرپر 3-1سے شکست دے کر پنجاب ریجن کی اسمال سائیڈڈ فٹبال چمپئن شپ جیت لی۔مقررہ وقت میں مقابلہ 1-1سے برابر تھا۔فاتح ٹیم نے کراچی میں 28جولائی سے کھیلی جانے والی لیثرلیگز نیشنل چمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ کیلئے کراچی کی عبدل ایف سی اور بلوچستان کی گوادرکے ہمراہ فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔نیشنل چمپئن شپ میں ہر صوبہ کی ایک ایک ٹیم فائنل راؤنڈ میں شرکت کرے گی۔ کے پی کے ریجن کی چمپئن ٹیم کا سامنے آنا ابھی باقی ہے۔نیشنل چمپئن شپ کی فاتح ٹیم 12تا20اکتوبر یونان کے شہر کریٹ میں کھیلے جانے والے سوکا ورلڈ کپ کا ٹکت حاصل کرے گی۔گذشتہ سال لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو نے پہلاسوکا ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جو پرتگال کے شہر لسبن میں کھیلاگیا تھا۔ اس سال باٹا کلب لاہور کو نیشنل چمپئن شپ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے اور تمام کھلاڑی پُرجوش اور پُرامید ہیں کہ وہ لاہور کی سوکا ورلڈ کپ میںبحیثیت قومی چمپئن پاکستان کی نمائندگی کے اعزاز کو برقرار رکھیں گے۔پنجاب ریجن کی 16ٹیموں نے ریجنل کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لیا۔K-2فٹبال گراؤنڈ لاہور پر باٹا کلب لاہور، شکرگڑھ، ملتان اور گجرات کی ٹیموںنے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ لاہور نے شکرگڑھ کو 3-1جبکہ گجرات کی الزکی کلب نے ملتان کو 3-0سے ٹھکانے لگایا۔