لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سپورٹس کے فروغ، ترقی اور کھلاڑیوں کو جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں،پہلی سپورٹس پالیسی کی تیاری آخری مرحلے میں ہے، نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے ہر ماہ ایک کھیل کی چیمپئن شپ منعقد کی جارہی ہے، 30جولائی سے دو روزہ پنجاب انٹر ڈویژن پاور لفٹنگ چیمپئن شپ منعقد کی جارہی ہے جس میں 9ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جشن آزادی کے موقع پر تحصیل ، ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی سطح پر کھیلوں کے ایونٹ منعقد کرائے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس رپورٹر سے تعارفی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا
اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، صدر سجال (سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن آف لاہور) عقیل احمد و دیگر بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ نوجوانوں کو گرائونڈز میں لانا ہمارا مشن ہے، نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سپورٹس کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں،گزشتہ ہفتے انہوں نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کا دورہ بھی کیا ہے، 23 نئے منصوبے شروع کررہے ہیں جبکہ 193پر کام جاری ہے
ان منصوبوں کی مالیت 4ارب روپے ہے ،ان منصوبوں کی تکمیل سے نوجوان مزید سہولتوں سے استفادہ کرسکیں گے، ہر تحصیل میں جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کی بھی منصوبہ بندی کرلی ہے، نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے ہر ماہ موسم کی مناسب سے ایک کھیل کی پنجاب کی سطح پر چیمپئن شپ منعقد کررہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نئے کھلاڑی سامنے آئیں،30 جولائی سے شروع ہونے والی پنجاب انٹر ڈویژن پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے، یہ چیمپئن شپ 31جولائی تک جاری رہے گی اس سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ 14 اگست کو جشن آزادی کے موقع پر بھی سپورٹس کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے، نئی سپورٹس پالیسی کی منظوری سے سپورٹس کی سمت متعین ہوجائے گی، سپورٹس کے فروغ کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔