کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان لہیرو تھریمانے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکا کی جانب سے دنوشکا گونا تھلکا اور ایوشکا فرنینڈو نے اننگز کا آغاز کیا جو مایوس کن رہا اور ابتداء میں ہی ایوشکا فرنینڈو 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ دنوشکا گوناتھلکا کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔ آئی لینڈرز کی جانب سے دنوشکا گوناتھلکا 133، شناکا 43، کپتان تھریمانے اور بھنوکا 36، 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔ گرین شرٹس کی جانب محمد عامر نے 3، عثمان شنواری، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا کے 298 رنز کے ہدف میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور عابد علی نے کیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 123 رنز کی شراکت قائم کی، دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
عابد علی 74 رنز بناکر ڈی سلوا کا شکار بنے تاہم اس کے بعد آنے والے بابر اعظم بھی 31 رنز بناکر پویلین لوٹے۔189 کے مجموعی اسکور پر فخرزمان بھی 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کے بعد حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور نصف سنچری بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔گرین شرٹس نے 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور یوں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، اس فتح کے ساتھ پاکستان نے 3 ایک روزہ میچز کی سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرلی۔پاکستان کی جانب سے فخرزمان 76، عابد علی 74 اور حارث سہیل 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے لیکن سری لنکا کو کم رنر پر محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق اور عماد وسیم کی جگہ عابد علی اور محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 30 ستمبر کو ہونے والے میچ میں پاکستان نے بابراعظم کی شاندار بلے بازی اور عثمان شنواری کی تباہ کن بولنگ کے باعث سری لنکا کو شکست دیدی تھی۔