لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی آئندہ ہفتے ٹی ٹونٹی کپتان کے حوالے سے مشاورت کریں گے ۔سرفراز ا حمد کو سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے کپتان مقرر کیا گیا تھا ، پی سی بی کو ٹیسٹ ٹیم کیلئے بھی کپتان کا تقرر کرنا ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم رواں ماہ آسٹریلیا روانہ ہوگی جہاں پہلے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے ۔ سرفراز احمد کو صرف سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا ہی کپتان مقرر کیا گیا تھا۔چیئر مین پی سی بی اگلے ہفتے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے کپتان کے نام کا اعلان کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے آسٹریلیا کے دورے کیلئے اسکواڈ اور کپتان کااعلان 13 اکتوبر سے فیصل آباد میں شروع ہونےو الے ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران کیا جا سکتا ہے ۔سر فراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ سرفراز احمد کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے ٹیسٹ کا نیا کپتان لایا جا سکتا ہے اور اس کیلئے اظہر علی کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔