آئی سی سی نے یو اے ای کے 3کرکٹرز کیوں معطل کئے؟

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) آئی سی سی نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر یو اے ای کے کپتان سمیت تین کھلاڑیوں کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ورلڈ ٹی 20 کوالیفائرز سے قبل کرکٹ کی دنیا میں ایک مرتبہ کرپشن سکینڈل سامنے آیا ہے، آئی سی سی نے کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر یو اے ای کے کپتان محمد نوید، اسٹار بلے باز شیمان انور اور فاسٹ باؤلر قدیر خان کو معطل کردیا ہے۔ان کھلاڑیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ورلڈ ٹی20 کوالیفائرز کو کرپشن سے داغدار کرنے کی کوشش کی جہاں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کوالیفائرز میں اپنی مہم کا آغاز جمعے سے کرے گی۔رواں ہفتے کے آغاز میں نوید نے قیادت دستبرداری کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد 31 سالہ احمد رضا کو قیادت سونپ دی گئی تھی لیکن اس وقت انہیں عہدے سے ہٹانے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی تھی البتہ بدھ کو آئی سی سی کے بیان کے بعد یہ معاملہ واضح ہو گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے تینوں کرکٹرز پر مشترکہ طور پر تیرہ چارجز عائد کئے گئے ہیں جہاں ان تینوں کرکٹرز پر الزام ہے کہ انہوں نے کرپٹ سرگرمیوں اور بکیز کی جانب سے رابطہ کرنے پر آئی سی سی کو اطلاع نہیں کی تھی۔ان تین کھلاڑیوں پر پابندی سے متحدہ عرب امارات کو بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ نوید اور شیمان ٹیم کے سب سے اہم کھلاڑی تھے اور 14 ٹیموں کے مابین ہونے والے ورلڈ ٹی20 کوالیفائر میں اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتے تھے۔ان تینوں کے ساتھ ساتھ عجمان میں کرکٹ کھیلنے والے مہر دیپ چایاکر بھی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں اور ان پر بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

error: Content is protected !!