لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے دورہ آسٹریلیا میں نوجوان فاسٹ بولرز کو بھی موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان کل ہوگا،فاسٹ بولر محمد عباس کو اس دورے کے لیے فٹ قرار دیا گیا ہے۔سرفرازاحمد کی غیر موجودگی میں محمد رضوان دونوں فارمیٹ میں وکٹ کیپر ہوں گے، عابد علی، شان مسعود اور امام الحق ٹیسٹ ٹیم میں اوپنرز ہوسکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی فائنل ٹیم کے لیے عمران خان سینئر، موسیٰ خان اور راحت علی کے ناموں پر غور کررہی ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی مکمل فٹ ہونے کے لیے پُرامید ہیں۔محمد حفیظ اور شعیب ملک کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی کے امکانات انتہائی کم ہیں جبکہ سلیکٹرز نیشنل ٹی 20 میں عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر احمد شہزاد کو شامل کرنے پر غور کررہے ہیں۔