باسکٹ بال پنجاب کے کھلاڑی 33ویں نیشنل گیمز میں میڈلز جیت کر لوٹیں گے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے امید ہے کہ باسکٹ بال پنجاب کے کھلاڑی آئندہ ماہ پشاور میں ہونے والی 33ویں نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز جیت کر لوٹیں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو تیاری کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کررہا ہے، جمعہ کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ باسکٹ بال کی ٹیم تشکیل دینے کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز مکمل طور پر میرٹ پر لئے گئے ہیں اور میرٹ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے، 33ویں نیشنل گیمز میں صرف ان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا جائے گا جو مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔ٹرائلز میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو ماہر کوچز تربیتی کیمپ میں جدید خطوط پر تربیت دیں گے، کھلاڑی اپنے کھیل کو بہتر بنا کر 33ویں نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے لئے خود کو تیار کریں۔


سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے پنجاب باسکٹ ایسوسی ایشن نے جمعہ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں پنجاب کی ٹیم منتخب کرنے کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے،ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، صدر پنجاب باسکٹ بال ایسوسی ایشن خالد بشیر اور مودود جعفری نے ٹرائلز کی نگرانی کی، پنجاب کے 9ڈویژنز سے 49کھلاڑیوں نے ٹرائلز دیئے جن میں سے 16کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا، تربیت کے بعد 10کھلاڑیوں پر مشتمل پنجاب کی ٹیم 33ویں نیشنل گیمز کے لئے منتخب کی جائے گی۔

error: Content is protected !!