پی سی بی پیپسی انڈر 16 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کا پہلا روز مکمل

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)شالیمار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں جاری تین روزہ میچ کے پہلے روز بلوچستان کے 129 رنز کے جواب میں ناردرن نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنالیے ہیں۔ بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ناردرن کے اسپنر محمد حسنین نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں بلوچستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 129رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد حسنین نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں ناردرن نے دن کے اختتام پر 41 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنزبنالیے ہیں۔ شمائل حسین 69 اور اسیر مغل 1 اسکور بناکر کریز پر موجود ہیں۔

دوسری جانب اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری تین روزہ میچ میں خیبرپختونخوا نے سندھ کے 163رنز کے جواب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 103رنز بنالیے ہیں۔ سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو خیبرپختونخوا کے اسپنر محمد عرفان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت سندھ کی پوری ٹیم 163 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی۔ محمد عرفان نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں خیبرپختونخوا نے دن کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنزبنالیے ہیں۔ حسیب خان27 اور عباس علی 12رنز بناکر کریزپر موجود ہیں۔

تعارف: newseditor