سری لنکن کرکٹ کپتان ٹی 20سیریز کے لئے پاکستان نہ آنے پر افسردہ

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) سری لنکن ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے کے لیے ون ڈے اور ٹی20 میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے اور ہماری ٹیم یہاں خود کو بہت محفوظ تصور کر رہی ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ جمعرات سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو 10سال کے طویل عرصے کے بعد شہرقائد میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا۔میچ سے قبل بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سری لنکن کپتان نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ہماری ٹیم میں ایک تبدیلی ہو گی اور کاسن رجیتھا نہیں کھیل سکیں گے لیکن ہم نے ابھی تک میچ کے لیے فائنل الیون کا فیصلہ نہیں کیا اور وکٹ دیکھنے کے بعد اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ وکٹ پر گھاس ہے یا نہیں، اگر گھاس ہوئی تو ہم تین فاسٹ باؤلرز کے ساتھ جائیں گے اور اگر گھاس نہ ہوئی تو ہم دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔جب سری لنکن کپتان سے سوال کیا گیا کہ بنگلہ دیش کو پاکستان کو دورے پر آنا چاہیے یا نہیں اور وہ انہیں کیا پیغام دیں گے تو انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ انہیں آنا چاہیے یا نہیں لیکن اگر آپ مجھ سے پوچھیں میں خود پاکستان میں بہت محفوظ تصور کرتا ہوں، سیکیورٹی اہلکار 100فیصد سے بڑھ کر کارکردگی دکھا کر ہمیں تحفظ فراہم کر رہے ہیں، ہم بہت اچھا محسوس کررہے ہیں۔’میں اور میری ٹیم پاکستان میں بہت محفوظ تصور کر رہے ہیں، میں کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے’۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے پچھتاوا ہے کہ میں نے ٹی20 اور ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا لیکن اس وقت یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل تھا کیونکہ میں پہلے کبھی پاکستان نہیں آیا تھا۔

اپنے سابقہ فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے سری لنکن کپتان نے کہا کہ خبروں اور سوشل میڈیا پر پاکستان کے بارے میں کچھ مثبت خبریں بھی نہیں چل رہی تھیں جس کی وجہ سے میں نے نہ آنے کا فیصلہ کیا لیکن جو کھلاڑی یہاں سے ہو کر گئے انہوں نے کافی اچھی باتیں کیں جس کے بعد ہمارے تمام سینئر کھلاڑیوں نے ٹیسٹ سیریز کے لیے یہاں آنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے ماضی میں ٹیم کے ساتھ ٹی20 اور ون ڈے میچوں کے لیے پاکستان نہ آنے پر پچھتاوا ہے لیکن مستقبل میں ہم ہر طرح کا فارمیٹ کھیلنے کے لیے پاکستان آئیں گے۔انہوں نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کو ایک بہترین آئیڈیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال سے ہم ہوم اور اوے ٹیسٹ سیریز کھیل رہے تھے لیکن اب سخت مقابلہ ہے، آپ 12 ہوم اور اوے میچ کھیلیں گے، اگر آپ ہوم سیریز میں اچھا کھیل پیش کرتے ہیں تو آپ کو اوے سیریز میں بہتر کھیل پیش کرنا ہو گا تاکہ آپ ٹیبل پر اچھی پوزیشن حاصل کر سکیں۔دمتھ کرونارتنے نے کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں اور ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں لہٰذا انہیں پیچھے چھوڑنے کے لیے ہمیں ہر میچ جیتنا ہو گا اور ہم اچھی کرکٹ کھیل کر پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

error: Content is protected !!