کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف تجزیہ کار رمیز راجہ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی وکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم اپنے ہی جال میں پھنس گئی، گرین وکٹ تو بنالی لیکن بیٹنگ کون کرے گا۔رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ بطور کپتان اظہر علی پر بہت دباؤ ہے، اُنہیں جلد فارم میں آنا ہوگا۔رمیز راجہ کا مزید کہنا ہے کہ اظہر علی کو کپتانی میں بھی بہتری لانا ہوگی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
اسد شفیق 63، بابر اعظم 60 اور عابد علی 38 رنز کے نمایاں رہے۔پاکستان کی اننگز میں 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے تھے، کپتان اظہر علی سمیت قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے تھے۔سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا اور لاستھ ایمبولدینیا نے چار، چار جبکہ وشوا فرنینڈو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں سری لنکن ٹیم نے 271 رنز بناکر 80 رنز کی برتری حاصل کرلی۔