لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) وکٹ اڑانے پر گلا کاٹنے کا ایکشن بنانیوالے حارث روف کی عاقب جاوید نے بھی سرزنش کردی۔بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کیخلاف حارث رف نے ہر وکٹ لینے کے بعد گلا کاٹنے کا ایکشن بنایا تو سوشل میڈیا پر تنقید کا بازار گرم ہوگیا، اس میں بھارتی صارفین پیش پیش تھے۔ لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے حارث رف کو دریافت کرنے کے بعد صلاحیتیں نکھارنیوالے عاقب جاوید نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پیسر کو فون کرکے سرزنش کردی۔
سابق ٹیسٹ پیسر نے بتایا کہ حارث نے معذرت کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کا وعدہ کرلیا،میں نے انھیں سمجھایا کہ قلندرز کو ایسا رویہ زیب نہیں دیتا۔دوسری جانب بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی کی بدولت آئندہ سیزن کیلئے بھی حارث رف سے میلبورن سٹارز کے معاہدے کا امکان ہے، ابتدائی طور پر ان سے جاری ایونٹ کے تین میچز کا کنٹریکٹ ہوا تھا جسے اب فائنل تک توسیع دیدی گئی ہے۔
حارث رف کو ڈیل سٹین کی کمر میں تکلیف کے باعث میچز کھیلنے کا موقع ملا، انھوں نے ایک میچ میں 2اور دوسرے میں 5وکٹیں اڑائیں، پروٹیز پیسر کی واپسی پر انھیں باہر بٹھا دیاگیا، سندیپ لامی چینے کے فٹ ہونے پر سڈنی تھنڈرز کیخلاف میچ میں حصہ لیا تو حارث نے 3شکار کرتے ہوئے دھوم مچا دی، اب نیپالی سپنر فٹ ہوگئے اور میچ کیلئے دستیاب ہیں۔ان کیلئے حارث رف کو جگہ خالی کرنا پڑیگی،اگرچہ ڈیل سٹین کا بھی فرنچائز کیلئے یہ آخری میچ ہے لیکن خلا پر کرنے کیلئے انگلش پیسر پیٹ بران کیساتھ پہلے ہی معاہدہ ہوچکا،البتہ حارث رف کی ایک بار پھر واپسی کا امکان روشن ہے،پیٹ بران کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچز کیلئے انگلش سکواڈ میں شامل کیا گیا تو میلبورن سٹارز کو پاکستانی پیسر کی خدمات حاصل کرنیکی ضرورت پیش آجائیگی۔