خیبر پختونخوا نے قومی انڈر 13 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)خیبرپختونخوا انڈر 13 کرکٹ ٹیم نے قومی انڈر 13 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔فاتح ٹیم نے ایونٹ کے فائنل میں سدرن پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ خیبر پختونخوا کے احمد حسین کو مین آف دی فائنل قرار دیا گیا۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 30 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ اوپنر فہد کاشف نے47 گیندوں پر5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ خیبر پختونخوا کے اسپنر محمد سلمان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 28ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ اوپنر احمد حسین نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ 78 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹورنامنٹ ستائیس دسمبر سے چار جنوری تک فیصل آباد میں کھیلا گیا۔ ایونٹ میں چھ ایسوسی ایشنز کی انڈر 13 کرکٹ ٹیموں کے مابین کل 16 میچز کھیلے گئے۔ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرنے والی دونوں ٹیموں کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو کٹ بیگس بطور تحفہ دئیے گئے۔

ایونٹ کی چیمپئن خیبر پختونخوا کے اوپنر احمد حسین نے عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹورنامنٹ کے تین ایوارڈز اپنے نام کیے۔ فائنل میں ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرنے والے احمد حسین کو مین آف دی فائنل، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور ایونٹ کے بہترین بلے باز کے ایوارڈز دئیے گئے۔
سندھ کے آذان بشیر کو بہترین باؤلر اور سدرن پنجاب کے سمیر احمد کو بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔ سندھ کے محمد رمیز کوٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا

error: Content is protected !!