وومین فٹبال‘ حاجرہ کی ڈبل ہیٹرک ‘ رمینا ‘ملائکہ اور علینہ نے بھی ہیٹرک بنائی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری 12ویں نیشنل فٹبال چمپئن شپ میں دفاعی چمپئن پاکستان آرمی اور پنجاب نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی جب انہوں نے کے پی ٹی گراؤنڈ کی سرسبز فیلڈ پر بالترتیب کراچی ککرز کو 0-18اوردیا وومین ایف سی کو 0-2سے شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا ٹکٹ حاصل کیا۔پاکستان آرمی کیلئے انٹرنیشنل حاجرہ خان نے ڈبل ہیٹرک بنائی جبکہ رمینا، ملائیکہ اور علینہ بھی ہیٹرک اسکور کرنے میں کامیاب رہیں۔پنجاب کیلئے سارہ خان اور ذولفیہ نے ایک ایک گیند کو جال میں پہنچایا۔آج (اتوار) کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن پر پہلا مقابلہ ایک بجے دوپہر پاکستان واپڈا اور گلگت بلتستان جبکہ ساڑھے 3بجے سہہ پہر ہوم گراؤنڈ کی کراچی یونائیٹڈ کا سامنا جافا وومین فٹبال کلب سے ہوگا۔

پاکستان آرمی اور کراچی ککرز کے مابین کھیلے گیا مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا جس میں دفاعی چمپئن پاکستان آرمی نے حریف ٹیم کو کسی بھی لمحہ سنبھلنے کا موقع نہ دیا ۔ حاجرہ خان نے دوسرے ہی منٹ میں گول داغ کر ایونٹ کا اب تک تیز ترین گول اسکور کیا بعدازاں 18ویں،38ویں،60ویں ، 65ویں اور72ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 5گول اسکور کرکے ایونٹ کی پہلی ڈبل ہیٹرک بنانے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا۔ رمینا، علینہ اورملائکہ بھی پیچھے نہ رہیں اور دونوں کھلاڑیوں نے ہیٹرک اسکور کی۔ رمینا نے 12ویں ، 22ویں ، 51ویں اور75ویں منٹ میں 4گولز اور علینہ نے 36ویں، 44ویں اور53ویں منٹ میں 3گولزاورملائکہ نے 54ویں، 57ویں اور61ویںمنٹ میں اپنی ہیٹرک مکمل کی۔کراچی ککرز نے مایوس کن کارکردگی دکھائی اور اور اپنا کھاتہ نہ کھول سکی۔

دوسرے میچ میںپنجاب کی مضبوط ٹیم کا دیا وومین ایف سی نے بھرپور مقابلہ کیا اور پہلے ہاف میں سارہ خان کے 34ویں منٹ میں فیلڈ گول اور 36ویں منٹ میں ذولفیہ کے فری کک پر کئے گولز کی بدولت پنجاب کو وقفہ پر 0-2کی سبقت حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں دیا وومین کلب نے جم کر مقابلہ کیا اور پنجاب کی ٹیم اپنی برتری کو مزید بڑھانے میں ناکام رہی اور 0-2کی برتری پر ہی اکتفا کیا۔ ریفری طاہر قاری اور شوکت حسین کے معاونین سلیم بابر، یوسف منصوری، الٰہی بخش، زاہد علی، محمد ححفیظ اور نصیر الدین جبکہ میچ کمشنر محمد جاوید اور اﷲ بخش تھے۔

error: Content is protected !!