لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی اسکواڈ میں شامل آلراؤنڈر قاسم اکرم کا تعلق لاہور سے ہے، اپنے پسندیدہ کھیل میں ان کی انٹری ایک بال پکر کی حیثیت سے ہوئی۔ بچپن سے کھیل کے شوقین قاسم اکرم بلاناغہ اپنے گھر کے قریب موجود ایک مقامی کرکٹ کلب میں نوجوان کھلاڑیوں کی نیٹ پریکٹس دیکھنے جایا کرتے تھے۔
قاسم اکرم نے کہا کہ ایک روز کوٹ خواجہ سعید کرکٹ کلب کے کوچ نے انہیں بال پِکر کی حیثیت سے گراؤنڈ میں آنے کی اجازت دے دی، جس سے ان میں کرکٹ کی محبت اور بڑھنے لگی۔
اس دوران زیادہ دیر گھر سے باہر رہنے پر والد نے ڈانٹ ڈپٹ کی مگر بھائیوں کی مداخلت پرقاسم کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی۔ قاسم اکرم کے والد لنڈا بازار میں واقع ایک دکان پر پرانے کپڑوں کی فروخت کا کام کرتے ہیں۔ نوجوان کرکٹر کے بھائی بھی اسی دکان پر اپنے والد کا ہاتھ بٹاتے ہیں۔
نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ ایک روز کلب کا میچ شیڈول تھا مگر اسکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کی عدم دستیابی کے باعث انہیں ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ انہوں نے میچ میں اچھی باؤلنگ کی تو وہ فاسٹ باؤلر کی حیثیت سے اپنی کلب کرکٹ ٹیم کا مستقل رکن بن گئے۔
قاسم اکرم نے کہا کہ آہستہ آہستہ کوچ کی ہدایت پر انہوں نے بیٹنگ پریکٹس کا بھی آغاز کردیا اور مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنے لگے۔ چند ماہ بعد ہی نوجوان کرکٹر کو عمدہ کارکردگی کی بدولت لاہور انڈر 16 کرکٹ ٹیم میں بطور بیٹسمین شامل کرلیا گیا۔
انہوں نے لاہور کی نمائندگی کرتے ہوئے پی سی بی پیپسی انڈر 16 دو روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ 2016 کے 8 میچوں میں 373 رنز بنائے۔ اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر انہیں لاہورانڈر 19 کرکٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا جہاں آئندہ 2 سال انہوں نے انٹر ریجنل انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹس میں لاہورکی نمائندگی کی۔
رواں سال قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 5 میچوں میں 260 رنز بنانے والے قاسم اکرم قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ 2019 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے پانچ میچوں میں 74 کی اوسط سے 296 رنز بنائے۔ ایونٹ میں 2 سنچریاں اسکور کرنے والے بلے باز کا بہترین اسکور 131 رنز تھا۔
وہ دورہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا سمیت اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2019 میں بھی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
نوجوان کرکٹر کا کہنا ہےکہ وہ دنیا کا بہترین بلے باز بننے کی خواہش رکھتے ہیں اور دنیائے کرکٹ کے دو بہترین بیٹسمین، بابراعظم اور ویرات کوہلی، ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل ان کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کی موجودگی، اسکواڈ میں شامل بلے بازوں کے لیے بہت مفید ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور آلراؤنڈر وہ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں عمدہ کھیل پیش کرکے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔
اسکواڈ(یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا):
اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔
مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔
وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔
آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)۔
اسپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔
فاسٹ باؤلرز: عامر خان (پشاور)، محمد وسیم جونیئر (شمالی وزیرستان) اور طاہر حسین (ملتان)۔
ٹیم منیجمنٹ:
اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انوری(سیکورٹی منیجر) ۔
شیڈول:
19جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ
22جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ زمباوے
24جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش