نوجوان آلراؤنڈر محمد شہزاد کا آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ کارکردگی کی بدولت دنیائے کرکٹ میں اپنی شناخت بنانے کا بہترین موقع ہے، یہی وجہ ہے کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں شامل بہترین صلاحیتوں کے مالک نوجوان کھلاڑی بھی اس ایونٹ پر نظریں مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

آلراؤنڈرمحمد شہزاد کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے تاہم وہ ایک نامور کرکٹر بننےکا خواب سجائے2017 میں لاہور آگئے تھے۔ والد کی وفات کے بعد 5 بھائیوں اور والدہ کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے والے محمد شہزاد، کرکٹ کو اپنا اوڑھنا بچھونا سمجھتے ہیں۔

محمد شہزادنےکرکٹ سے متعلق اپنی پہلی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے9 سال کی عمر میں کرکٹ کھیلنا شروع کی، دائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور باؤلنگ کرنے والے آلراؤنڈر نے کہا کہ وہ شروع سے ہی بڑے لڑکوں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے تھے، جب محلے کے بڑے لڑکے بھی ان کی کارکردگی کے معترف ہوئے تو دوستوں نے انہیں بہتر سہولیات اور مواقع کے حصول کے لیے لاہور جانے کا مشورہ دیا۔

محمد شہزاد کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں کرکٹ کی محدود سہولیات کے باعث انہوں نے لاہور میں سکونت اختیار کی، انہوں نے اڑھائی سال قبل پاک لائنز کرکٹ اکیڈمی لاہور میں داخلہ لیا اور پھر وہی سے کرکٹ کے سفر کا آغاز کردیا۔ نوجوان آلراؤنڈر کا کہنا ہےکہ عمران خان ان کےآل ٹائم فیورٹ کرکٹر ہیں تاہم موجودہ کھلاڑیوں میں ا ن کے پسندیدہ کرکٹر ،بابراعظم ہیں۔

محمد شہزاد کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے قومی اسکواڈ میں شمولیت پر بہت خوش ہیں، انہیں امید ہےکہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ اعجاز احمد کی موجودگی سے کھلاڑیوں کوبہت سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ نوجوان آلراؤنڈر کا کہنا ہے کہ وہ کوچنگ اسٹاف کےساتھ مل کر ٹیمپرامنٹ میں بہتری پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

پی سی بی انٹر ریجنل انڈر 13 ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 2017 سے اپنے کرکٹ کیرئیر کا باقاعدہ آغا ز کرنے والے محمد شہزاد ایونٹ کے تین میچوں میں 2 نصف سنچریوں کی مدد سے 178 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے تیسرے بہترین بیٹسمین قرار پائے۔ 89 کی اوسط سے بیٹنگ کرنے والےدائیں ہاتھ کے بلےباز کی ٹورنامنٹ میں بہترین اننگز 98 رنز پر مشتمل تھی۔ انہوں نے ایونٹ میں 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

بہترین کارکردگی کی بنیاد پر محمد شہزاد کو اگلے ہی سال ملتان انڈر 13 ٹیم سے انڈر 16 ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ نوجوان بیٹسمین نے پی سی بی پیپسی انڈر 16 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 5 میچوں میں 2 نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے 197 رنز بنائے۔ اسی سال محمد شہزاد، پی سی بی انڈر 16 پینٹنگولر ٹورنامنٹ میں 309 رنز بناکر ایونٹ کے بہترین بلے باز قرار پائے۔ انہوں نے 5میچوں میں 103 کی اوسط سے 2 نصف سنچریاں اور 1 سنچری اسکور کی۔

عمدہ کارکردگی کے تسلسل کے باعث محمد شہزاد کو گذشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا۔ انہوں نے واحد ٹی ٹونٹی میچ میں 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

گذشتہ سال بنگلہ دیش انڈر 16 ٹیم کے خلاف 2 ایک روزہ میچوں میں 72 اور 2 تین روزہ میچوں میں 126 رنز کی بدولت محمد شہزاد کو آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے قومی انڈر 19 اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ۔

اسکواڈ(یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا):

اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔

مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔

وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔

آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)۔

اسپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔

فاسٹ باؤلرز: عامر خان (پشاور)، محمد وسیم جونیئر (شمالی وزیرستان) اور طاہر حسین (ملتان)۔

ٹیم منیجمنٹ:

اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انوری(سیکورٹی منیجر) ۔

شیڈول:

19جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ
22جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ زمباوے
24جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش

تعارف: newseditor