لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہورگیریژن پولوکلب کے زیراہتمام گوبز پینٹس سالانہ انڈر 19 پولو کپ اسلام آباد کلب پولو ٹیم نے جیت لیا، فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور پولو کلب کی ٹیم کو 6-2.5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پہلے انڈر 19 پولو ٹورنامنٹ سپانسرڈ بائی گوبز پینٹس کا فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی پاکستان پولو ایسوسی ایشن کے سابق صدر میجر جنرل (ر) اسفند یار پٹودی اور پیٹرن لاہور پولو اینڈ کنٹری کلب میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ، صدر لاہور پولو اینڈ کنٹری کلب کرنل (ر) شعیب آفتاب،میجر جنرل (ر) منہاس، عرفان علی حیدر، میجر بابر محبوب، میجر حسیب منہاس، کیپٹن شوکت علی ملک، آغا مرتضیٰ علی خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسلام آباد پولو کلب ٹیم اور لاہور پولو کلب میں میچ کافی دلچسپ رہا۔ تیسرے چکر کے اختتام تک اسلام آباد کلب پولو ٹیم کو آدھے گول کی برتری حاصل تھی
مگر چوتھے چکر میں اسلام آباد کلب پولو ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور میچ 6-2.5 سے جیت لیا۔ اسلام آباد کلب پولو ٹیم کی طرف سے راج میکائل سمیع نے چار، محمد علی اور اسماعیل نے ایک ایک گول سکور کیا۔ لاہور پولو کلب کی طرف س مصطفی عزیز اور نذر دین محمد نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ آدھا گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی میجر جنرل (ر) اسفند یار پٹودی اور میجر جنرل محمدیوسف مجوکہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔کرنل(ر)شعیب آفتاب نے گوبز پینٹس کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جونیئر ٹورنامنٹ سپانسر کیا۔ کرنل شعیب کا کہنا تھا کہ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔