لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس کی ترقی ملک کی ترقی ہے، دنیا میں سپورٹس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، سپورٹس کی ترقی سے سیاحت بھی فروغ پاتی ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کے لئے اقدامات کررہا ہے
جلد ہاکی کا میگا ایونٹس کرائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ(گرلز) کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا
اس موقع پرہاکی اولمپئن خواجہ جنید، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی اور دیگر بھی موجود تھے، نیشنل ہاکی سٹیڈیم آمد پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا پرتپاک استقبال کیا گیا
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان نے ہاکی کے میدان میں راج کیا ہے، نوجوان محنت کرکے ہاکی کو دوبارہ عروج تک پہنچا سکتے ہیں
سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کررہا ہے، مختلف کھیلوں کے ایک ماہ کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ منعقد کررہے ہیں جن میں ہاکی بھی شامل ہے، حال ہی میں فیصل آباد اور گوجرہ میں بوائز اور گرلز کے ہاکی کے تربیتی کیمپ منعقد کئے گئے جس میں سیکڑوں کھلاڑیوں کو تربیت دی گئی ہے، نوجوان محنت اور لگن سے ہاکی کھیلیں ان کی ہر قدم پر رہنمائی کی جائے گی۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام گرلز کے ہونے والے دوستانہ میچ میں پاکستان گرین نے پاکستان وائٹ کو 3-1شکست دیدی۔