احسان عادل اور محمد اصغر پاکستان شاہینزکے سکواڈ میں شامل

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان شاہینز اور مارلی بون کرکٹ کلب کے خلاف ایک روزہ میچ 16 فروری کوکھیلا جائے گا۔ اس حوالے سے پاکستان شاہینز کے اسکواڈمیں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں کی متعلقہ فرنچائزز کے ساتھ مصروفیات کے سبب پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عاکف جاوید، حیدر علی، محمد محسن، سیف بدراورعمر خان کی جگہ احسان عادل، محمد اصغر، عمران بٹ، محمد عرفان خان اور ساجد خان کواسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ مارلی بون کرکٹ کلب کے خلاف 12 رکنی اسکواڈ کی قیادت سعود شکیل کررہے ہیں۔

ابتدائی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے متبادل کی حیثیت سے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اسکواڈ میں طلب کیے گئے احسان عادل نے قائداعظم ٹرافی میں سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے حالیہ سیزن کے 9 فرسٹ کلاس میچوں میں32.67کی اوسط سے18 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی طرح عمران بٹ نے بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 9 فرسٹ کلاس میچوں میں 934 رنز بنائے۔

آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد عرفان خان کو بھی پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔17 سالہ نوجوان کرکٹر نے ستمبر 2019 میں اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ حالیہ ڈومیسٹک سیزن کے دوران محمد عرفان خان نے 10 نان فرسٹ کلاس میچوں میں 475 رنز بنائے تھے۔

بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد اصغرنے8 فرسٹ کلاس میچوں میں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے27 وکٹیں حاصل کیں جبکہ خیبرپختونخوا کے ساجد خان نے 6 میچوں میں 25کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دونوں اسپنرز کو پاکستان شاہینز کا حصہ بنالیا گیا ہے۔

دوسری طرف مارلی بون کرکٹ کلب اور ناردرن کے درمیان میچ 17 فروری کو ایچیسن کالج میں کھیلا جائے گا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فرنچائز کے ساتھ مصروفیت کے باعث ناردرن کے اسکواڈ میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ موسیٰ خان کی جگہ منیر ریاض کو اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔ نوجوان کرکٹر نے قومی انڈر 19 تین روزہ ٹورنامنٹ کے 6 میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اسکواڈ:

پاکستان شاہینز:

سعود شکیل،کپتان(سندھ)، احسان عادل (سنٹرل پنجاب)، حسن محسن (سندھ)، عمران بٹ (بلوچستان)، عمران رفیق (سدرن پنجاب)، محمد عرفان خان (سنٹرل پنجاب سیکنڈ الیون)، محمد اصغر (بلوچستان)، عمیر بن یوسف (سندھ)، روحیل نذیر، وکٹ کیپر (ناردرن)، ساجد خان (خیبرپختونخوا)، ثمین گل (خیبرپختونخوا)اورذیشان ملک (ناردرن)۔

ناردرن:

روحیل نذیر، کپتان (وکٹ کیپر)،فیضان ریاض (نائب کپتان)، علی عمران، حیدر علی، مبشر خان (انڈر19)،منیر ریاض (انڈر19)، نعمان علی، سرمد بھٹی، شہزاد اعظم، شیراز خان (انڈر19)، زید عالم اور ذیشان ملک۔

شیڈول:

14 فروری : ایم سی سی بمقابلہ لاہور قلندرز بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور بوقت شام 5 تا رات10:8 بجے (بیس اوورز پر مشتمل میچ)
16 فروری : ایم سی سی بمقابلہ پاکستان شاہینز بمقام ایچیسن کالج لاہور بوقت صبح 30:9 تا شام 15:5 بجے (پچاس اوورز پر مشتمل میچ)
17 فروری : ایم سی سی بمقابلہ ناردرن بمقام ایچیسن کالج لاہور بوقت دوپہر 30:12 تا سہ پہر40:3بجے (بیس اوورز پر مشتمل میچ)
19 فروری : ایم سی سی بمقابلہ ملتان سلطانز بمقام ایچیسن کالج لاہور بوقت دوپہر 30:12 تا سہ پہر40:3 بجے (بیس اوورز پر مشتمل میچ)

error: Content is protected !!