بنگلہ دیش نے پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کر دیا

ڈھاکا (سپورٹس لنک دپورٹ ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے فی الحال پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ بی سی بی کی جانب سے وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ کھلاڑی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کیلئے ابھی تیار نہیں ہیں۔
اس حوالے سے بی سی بی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو جواب بھی دیدیا ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے اتوار کے روز انکشاف کیا کہ بی سی بی کو اپریل میں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کراچی میں شیڈول دوسرا ٹیسٹ مصنوعی روشنی میں کھیلنے کی تجویز بھیجی گئی ہے۔ وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے لیے تیاری کررہا ہے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان میں واپس آرہی ہے اور دنیا کی دیگر ٹیمیں بھی ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیل رہی ہیں اسی لیے ہم بھی اپنے کھلاڑیوں کو اس طرح کی کرکٹ کھیلنے کے مواقع دینا چاہتے ہیں اور پنک بال میچز کی میزبانی کے منتظر ہیں۔ تاہم اب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 5 اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

error: Content is protected !!