عمر اکمل کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سکواڈ میں انور علی کی شمولیت

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معطل کیے گئے عمر اکمل کی جگہ انور علی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو معطل کردیا تھا جس کے سبب وہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔عمر اکمل کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت فوری طور پر معطل کیا گیا اور تحقیقات مکمل ہونے تک وہ کرکٹ کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔

عمر اکمل کی معطلی کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ نے ان کے متبادل کے طور پر 8 کھلاڑیوں کے نام پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھجوائے تھے۔ان آٹھ کھلاڑیوں میں سے آل راؤنڈر انور علی کو عمر اکمل کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جو اس سے قبل بھی پی ایس ایل میں گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی نے بطور متبادل کھلاڑی انور علی کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی زیر سربراہی قائم ٹینیکل کمیٹی نے انور علی کے نام کی منظوری دی جہاں کمیٹی میں ڈاکٹر سہیل سلیم، سمیر کھوسہ، مرینہ اقبال اور بازید خان بھی شامل ہیں۔پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں بطور متبادل کرکٹر انور علی کا انتخاب سلور کیٹیگری میں کیا گیا ہے اور اس سے قبل بھی انور علی پی ایس ایل کے تمام ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

انور علی اب تک پی ایس ایل کے 32 میچوں میں 191 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 23 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز آج ایک رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہو گا جس کے بعد پہلے میچ میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں رات 9 بجے مدمقابل ہوں گی۔

تعارف: newseditor