قومی مینز اینڈ ویمن نیٹ بال چیمپیئن شپ آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ ) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی مینز اینڈ ویمن نیٹ بال چیمپیئن شپ آج جمعرات سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع گی،چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی ہونگے۔ چیمپیئن شپ میں پاکستان آرمی کی ٹیمیں مردوں اور خواتین کے ایونٹ میں اپنے ٹائٹلز کا دفاع کریں گی، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے بتایاکہ چیمپیئن شپ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور چیمپیئن شپ میں مردوں کے ایونٹ میں تیرہ ٹیمیں جبکہ خواتین کے ایونٹ میں گیارہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں

مردوں کے ایونٹ میں تیرہ ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے گروپ اے میں دفاعی چیمپیئن پاکستان آرمی، پاکستان پولیس اور خیبرپختونخوا، گروپ بی میں پاکستان واپڈا، گلگت بلتستان اور فاٹا، گروپ سی میں پاکستان نیوی، بلوچستان اور اسلام آباد جبکہ گروپ ڈی میں سندھ، پنجاب، پاکستان ائیرفورس اور آزاد جموں و کشمیر شامل ہیں، خواتین کے ایونٹ میں گیارہ ٹیموں کو چار گروہوں میں تقسیم کیا گیا ہے گروپ اے میں دفاعی چیمپیئن پاکستان آرمی، پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر، گروپ بی میں سندھ، اسلام آباد اور فاٹا، گروپ سی میں پاکستان واپڈا، گلگت بلتستان اور لمز جبکہ گروپ ڈی میں ایلیٹ اکیڈمی اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں شامل ہیں

چیمپیئن شپ کے کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل 29 فروری کو جبکہ فائنل یکم مارچ کو کھیلے جائیں گے اور بین الصوبائی نیٹ چیمپئن شپ 2 مارچ کو کھیلی جائے گی، چیمپیئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز، اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپیئن شپ کے دوران اچھی کارگردگی دکھانے والے 20 مرد کھلاڑیوں کو عالمی کپ کے تربیتی کیمپ میں مدعو کیا جائےگا

error: Content is protected !!