کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دے دی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے 27ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 155رنز کا ہدف دیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بناسکی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو 32 کے مجموعی اسکور پر ملتان سلطانز کے اوپنر روحیل نذیر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں ذیشان اشرف نے کپتان شان مسعود کے ہمراہ 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ یہ ملتان سلطانز کی اننگز کی سب سے طویل شراکت داری تھی۔
39 گیندوں پر 7 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 52 رنز کی اننگز کھیلنے والے ذیشان اشرف ملتان سلطانز کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ شان مسعود 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
معین علی اور روی بوپارہ بالترتیب صفر اور پانچ رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو خوشدل شاہ اور شاہد آفریدی نے میدان کا رخ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 150 کے پار لگایا۔ خوشد ل شاہ نے 2 چھکوں کی بدولت 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شاہد آفریدی13 گیندوں پر 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان 154 رنزبنائے۔ راحت علی نے 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے روحیل نذیر، ذیشان اشرف اور معین علی کو پویلین کی راہ دکھائی۔پشاور زلمی کے وہاب ریاض، حسن علی اور عامر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
155 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا۔ 56 کے مجموعی اسکور پر پشاور زلمی کے ابتدائی تین بلے باز (کامران اکمل 2، وہاب ریاض 3 اور عمر امین 29)آؤٹ ہوکرپویلین واپس لوٹے تو امام الحق نے شعیب ملک کے ہمراہ اننگز کو دوبارہ تعمیر کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔
دونوں بلے بازوں نیچوتھی وکٹ کے لیے 70رنز جوڑکر میچ میں واپسی کی مگر8گیندوں کے وقفے سے دونوں کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے پر پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر دباؤ کا شکار ہوگئی۔امام الحق نے41 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 56 جبکہ شعیب ملک نے 25 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس دوران نوجوان بلے باز حیدر علی1 اور حماد اعظم 7رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔مشکلات کا شکار پشاور زلمی کو میچ میں جیت کے لیے آخری اوور میں 15رنز درکار تھے۔ وائیڈ بال سے میچ کے آخری اوور کا آغاز کرنے والے علی شفیق نے 15رنز کا دفاع کرکے ملتان سلطانز کو فتح دلادی۔ انہوں نے آخری اوور میں2 نوبالز سمیت 12 رنز دئیے۔
پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 151رنزہی بناسکی۔ عادل امین 7 اور حسن علی 1 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کے سہیل تنویر نے26رنز کے عوض 3، علی شفیق نے 2جبکہ محمد عرفان اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں شاندار بلے بازی کرنے پرملتان سلطانز کے وکٹ کیپر بلے باز ذیشان اشرف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ملتان سلطانز کی ٹیم نے میچ میں کامیابی حاصل کرکے 14 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ دوسری طرف پشاور زلمی کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر بدستور تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔
ایونٹ کا 28واں میچ 14مارچ بروز ہفتہ کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے مابین شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔